ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بنگلور میں اتوار سے سہ روزہ پرواسی بھارتیہ میلہ؛ وزیراعظم مودی کے ہاتھوں ہوگا افتتاح

بنگلور میں اتوار سے سہ روزہ پرواسی بھارتیہ میلہ؛ وزیراعظم مودی کے ہاتھوں ہوگا افتتاح

Fri, 06 Jan 2017 22:02:22    S.O. News Service

بنگلورو۔6/جنوری(ایس او نیوز) شہر میں کل سے شروع ہونے والے سہ روزہ پرواسی بھارتیہ دیوس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ٹمکور روڈ پر واقع بنگلور انٹرنیشنل ایگزی بیشن سنٹر میں اس میلے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ مرکزی وزارت خارجہ اور ریاستی محکمہئ صنعت کے اشتراک سے منعقد ہونے والے میلے کے دوران ملک کی تہذیب وتمدن اور صنعتی مواقع کے ساتھ سرمایہ کاری کے امکانات سے ملک اور بیرونی ملک شرکاء کو متعارف کروایا جائے گا۔

میلے کیلئے بنگلور انٹرنیشنل ایگزی بیشن کے علاوہ شہر کے دیگر مقامات کو بھی سجایا گیا ہے۔ خاص طور پر مرکز اقتدار ودھان سودھا اور دیگر اہم عمارتوں میں روشنی کا انتظام کیاگیا ہے۔ پہلی بار پرواسی بھارتیہ دیوس کااہتمام راجدھانی دہلی سے باہر کیا جارہا ہے، اور کرناٹک نے اس کی میزبانی منظور کی ہے۔اس میلے میں استقبال کیلئے بنگلور انٹرنیشنل ایگزی بیشن سنٹر کے احاطہ میں میسور کے محل کی مانند کمانیں تیار کی گئی ہیں۔ یہاں اہم شخصیات کی آمد کیلئے دو خصوصی ہیلی پیڈ بھی بنائے گئے ہیں۔اس میلے میں 15 سے زائد غیر مقیم ہندوستانی، ایک ہزار سے زائد غیر ملکی مندوبین اور چھ ہزار سے زائد نمائندوں کے علاوہ تقریباًایک ہزار میڈیا کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔

یہاں آنے والے بیرون ملکی نمائندوں کیلئے کرنسی بدلنے کے انتظامات، جلسہ گاہ میں موبائل چارجنگ یونٹس اور اے ٹی ایم مشینیں بڑی تعداد میں نصب کی گئی ہیں۔اس میلے کا افتتاح 8/ جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے، جبکہ اختتامی تقریب میں صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی تقسیم انعامات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا سمیت آٹھ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ میلے میں حصہ لیں گے، جبکہ میلے میں مہمان خصوصی کے طورپر پرتگال کے وزیر اعظم کو مدعو کیاگیا ہے۔ 


Share: